راجہ گلفام کیانی ایڈووکیٹ قومی وطن پارٹی ایبٹ آباد کے جنرل سیکرٹری اور شہباز خان قومی وطن پارٹی کی صوبائی کونسل کے رکن منتخب ہو گئے
راجہ گلفام کیانی ایڈووکیٹ قومی وطن پارٹی ایبٹ آباد کے جنرل سیکرٹری منتخب

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 6 جولائی (اے پی پی):راجہ گلفام کیانی ایڈووکیٹ قومی وطن پارٹی ایبٹ آباد کے جنرل سیکرٹری اور شہباز خان قومی وطن پارٹی کی صوبائی کونسل کے رکن منتخب ہو گئے۔ قومی وطن پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری احمد نواز خان جدون نے جاری بیان میں نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ راجہ گلفام کیانی ایڈووکیٹ اور شہباز خان اپنی ذمہ داریاں انتہائی دیانتداری، خلوص اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں گے اور پارٹی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ کا پیغام گھر گھر، گلی گلی اور شہر شہر پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان دونوں رہنماؤں کو اہم تنظیمی ذمہ داریاں ملنے سے نہ صرف ضلع ایبٹ آباد بلکہ پورے ہزارہ ڈویژن میں قومی وطن پارٹی مزید مضبوط اور فعال ہو گی جبکہ پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران پارٹی منشور کے فروغ، عوامی مسائل کے حل اور تنظیم کو مزید مستحکم بنانے کے لئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔








