وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی مراکش کے وزیر زراعت احمد البواری سے ملاقات، زرعی شعبے میں سٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے مراکش کے وزیر زراعت احمد البواری سے ملاقات میں زرعی شعبے میں پاکستان اور مراکش کے درمیان دوطرفہ تعاون، تحقیق اور مشترکہ ترقی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے منگل کو رباط میں مراکش کے وزیر زراعت، ماہی گیری، دیہی ترقی اور جنگلات احمد البواری سے ملاقات کی جس میں زرعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

منگل کو وزارت کے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں وزراء نے زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور زرعی تجارت، لائیو سٹاک کی ترقی، استعداد کار میں اضافے اور تکنیکی مہارت و تجربات کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان زرعی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے احمد البواری کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ اس دعوت کا خیرمقدم کیا گیا جبکہ دونوں وزراء نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اعلیٰ سطح کے باہمی تبادلوں سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور زرعی شعبے میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو نئی جہت ملے گی۔