گورنر خیبرپختونخوا سے پیسکو چیف کی سربراہی میں واپڈا کے اعلی سطحی کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پیسکو چیف اختر حمید خان کی سربراہی میں واپڈا کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں بجلی کی فراہمی، توانائی کے منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پشاور۔ 07 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پیسکو چیف اختر حمید خان کی سربراہی میں واپڈا کے اعلی سطحی وفد نے ملاقات کی۔

تر جمان گورنر ہائوس پشاور کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل نے کہا کہ صوبے میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کا ازالہ ضروری ہے۔ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے اقدامات پر گورنر کو بریفنگ دی گئی۔ واپڈا حکام نے بتایا کہ ڈیرہ گرڈ سٹیشن ٹو سے وولٹیج ، ٹرپنگ کا مسئلہ حل ہو جائے گا ،یارک کے قریب ٹرانسمیشن لائن پر عدالتی سٹے آرڈر کی وجہ سے مشکلات ہیں ، تقریباً 6 ارب کا منصوبہ سات ٹاورز پر عدالتی سٹے کی وجہ سے رکا ہوا ہے ۔واپڈا حکام نے گورنر کو بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے گرڈ سٹیشن کے متعدد فیڈرز اوورلوڈ ہیں ،نئے گرڈ کے افتتاح سے یہ مسائل حل ہوں گے۔ ملاقات میں بند کورائی گرڈ کے افتتاح کے حوالہ سے بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں پیسکو میں افرادی قلت کی کمی پوری کرنے ، متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمرز کی تنصیب و اپ گریڈیشن ، بوسیدہ تاروں کی تبدیلی کے حوالہ سے معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔