وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے امیگریشن حکام نے کارروائی کرتے ہوئے مسافر کی جعلسازی کو بے نقاب کر کے اسے گرفتار کر لیا۔
امیگریشن حکام کی کارروائی، جعلساز مسافر گرفتار

مزید خبریں
اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے امیگریشن حکام نے کارروائی کرتے ہوئے مسافر کی جعلسازی کو بے نقاب کر کے اسے گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے حکام نے کہا ہے کہ کوالالمپور سے لاہور پہنچنے والے پاکستانی شہری راشد اللہ کے پاسپورٹ کی امیگریشن کلیئرنس کے دوران جانچ پڑتال کی گئی تو اس پر پاکستان سے روانگی کی جعلی مہر پائی گئی۔ دورانِ تفتیش مسافر نے اعتراف کیا کہ اس نے یہ جعلی مہر لگوانے کے لیے ملائیشیا میں مقیم فضل نامی ایک ایجنٹ کو 2,600 ملائیشین رنگٹ ادا کیے تھے۔ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے ایف آئی اے کے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ جعلی سفری دستاویزات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری ہے۔








