کوئٹہ میں”فیوچر چیمپئن کوچنگ پروگرام” کا باقاعدہ آغاز ہوگیا

محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیراہتمام کوئٹہ میں "فیوچر چیمپئن کوچنگ پروگرام” کا باقاعدہ آغاز ہوگیا

کوئٹہ۔ 08 جولائی (اے پی پی):محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیراہتمام کوئٹہ میں "فیوچر چیمپئن کوچنگ پروگرام” کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، تین روزہ کوچنگ پروگرام میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے مختلف کھیلوں کے کوچز، ٹرینرز، اور کھلاڑیوں نے شرکت کی ہے،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ کھیل محمد آصف لانگو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ کھیل محمد آصف لانگو نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد بلوچستان میں کوچنگ کے معیار کو بہتر بنانا، کوچز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک کامیاب کھلاڑی کے پیچھے ایک قابل کوچ کا اہم کردار ہوتا ہے ۔ اگر کوچ جدید معلومات اور سائنسی طریقوں سے واقف ہوں تو کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔ تین روزہ کوچنگ پروگرام میں ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس امان اللہ خان بطور چیئرمین جبکہ بلوچستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر گل محمد کاکڑ کوآرڈینیٹر اور ڈاکٹر محیب الرحمن فوکل پرسن کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ پروگرام کے پہلے روز ڈاکٹر نصراللہ نے سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ اور غذائیت، پروفیسر تنویر احمد نے ڈوپنگ جبکہ پروفیسر ظہور احمد نے سپورٹس سائیکالوجی کے موضوعات پر تفصیلی لیکچرز دئیے، جس میں کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس، طاقت، برداشت اور انجری سے بچاؤ کے جدید اصولوں سے شرکاکو آگاہ کیا گیا۔ کوچنگ پروگرام آئندہ دو روز بھی جاری رہے گا، جس میں غذائیت، ایتھلیٹ ڈیویلپمنٹ، سپورٹس میڈیسن، فٹنس اور کوچنگ فلسفے سمیت متعدد اہم موضوعات پر ماہرین تربیت فراہم کریں گے۔