لوئر چترال میں شدید مون سون بارشوں کے باعث آنے والے فلیش فلڈ اور ملبے کے ریلے سے دروش تا اشیرات شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہوگئی، جس کے نتیجے میں کئی مسافر گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں۔
ریسکیو 1122 لوئر چترال نے فلیش فلڈ کے دوران بروقت کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا

مزید خبریں
پشاور۔ 08 جولائی (اے پی پی):لوئر چترال میں شدید مون سون بارشوں کے باعث آنے والے فلیش فلڈ اور ملبے کے ریلے سے دروش تا اشیرات شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہوگئی، جس کے نتیجے میں کئی مسافر گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں۔ ریسکیو 1122 لوئر چترال نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی نگرانی میں فوری اور مؤثر ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 200 سے زائد مسافروں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ترجمان ریسکیو1122لوئر چترال کے مطابق اطلاع موصول ہوتے ہی شیشیکوہ اور بریگنیسر واچ پوائنٹس پر موجود ریسکیواہلکاروں نے بطور فرسٹ ریسپانڈرز فوری کارروائی کا آغاز کیاجبکہ بعد ازاں ضلعی ہیڈکوارٹر سے مزید امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے کلکٹاک، کالدام گول، سویر اور اشیرات سمیت متاثرہ علاقوں میں مسلسل چھ گھنٹے تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ اس دوران ملبے میں پھنسنے والی چار مسافر گاڑیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور تمام مسافروں کی بحفاظت نقل و حرکت یقینی بنائی گئی ۔آپریشن میں ریسکیو 1122 کے 20 اہلکار، 3 ایمبولینسز اور ایک ڈیزاسٹر ریسپانس وہیکل نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطہ اور مؤثر تعاون برقرار رکھا گیا تاکہ شاہراہ کی بحالی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ فلیش فلڈ کے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت، منظم اور پیشہ ورانہ انداز میں کارروائیاں کیں۔








