پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پنجاب ریونیو اتھارٹی (محکمہ خزانہ)، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی مختلف آسامیوں کے 2 تحریری اور 3 حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے
پی پی ایس سی نے مختلف محکموں میں آسامیوں کے 2 تحریری اور 3 حتمی نتائج کا اعلان کر دیا

مزید خبریں
لاہور۔8جولائی (اے پی پی):پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پنجاب ریونیو اتھارٹی (محکمہ خزانہ)، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی مختلف آسامیوں کے 2 تحریری اور 3 حتمی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ سیکرٹری پنجاب پبلک سروس کمیشن افضال احمد نے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے ہیں۔ترجمان پنجاب پبلک سروس کمیشن کے مطابق پنجاب ریونیو اتھارٹی (محکمہ خزانہ) میں آڈٹ آفیسر کی 56 اسامیوں کے لئے 253 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب قرار پائے ہیں اور انہیں انٹرویو کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں سافٹ ویئر ڈویلپر کی ایک آسامی کے لئے تحریری امتحان کے نتیجے اور دستاویزات کی جانچ کے بعد مزید 8 امیدواروں کو سکروٹنی کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، جن میں سے پالیسی کے مطابق 5 اہل امیدواروں کو انٹرویو کے لئےطلب کیا جائے گا۔پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے حتمی نتائج کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ ضلع بہاولپور میں سارجنٹ کی 18 اسامیوں کے لئے 18 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار پائے ہیں۔ ضلع ننکانہ صاحب میں سارجنٹ کی 9 اسامیوں کے لئے 9 امیدوار حتمی طور پر کامیاب ہوئے ہیں، جبکہ ضلع چکوال میں سارجنٹ کی 8 اسامیوں کے لئے 8 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار دئیے گئے ہیں۔تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویو کال لیٹرز پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر مقررہ شیڈول کے مطابق اپ لوڈ کیے جائیں گے جبکہ امیدواروں کو ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ امیدواروں کے لئے ضروری ہے کہ وہ انٹرویو کے وقت اپنی اصل تعلیمی اسناد اور دیگر متعلقہ دستاویزات ہمراہ لائیں۔ کامیاب امیدواروں کی فہرستیں پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔








