لاہور ہائیکورٹ ،ریویو پٹیشن دائر کرنے کے طریقہ کار سے متعلق درخواست پر فیصلہ جاری

لاہور ہائیکورٹ نے نظرثانی درخواست (ریویو پٹیشن)دائر کرنے کے طریقہ کار سے متعلق درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ریویو پٹیشن پر مقررہ کورٹ فیس اور پانچ ہزار روپے سکیورٹی دونوں کی ادائیگی لازمی ہے

لاہور۔8جولائی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے نظرثانی درخواست (ریویو پٹیشن)دائر کرنے کے طریقہ کار سے متعلق درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ریویو پٹیشن پر مقررہ کورٹ فیس اور پانچ ہزار روپے سکیورٹی دونوں کی ادائیگی لازمی ہے ، دونوں تقاضوں کو ایک دوسرے کا متبادل نہیں سمجھا جا سکتا۔جسٹس مزمل اختر شبیر نے سائلہ شبیراں بی بی کی جانب سے رجسٹرار آفس کے اعتراض کےخلاف دائر درخواست پر تحریری حکم جاری کیا۔عدالت نے قرار دیا کہ کورٹ فیس اور پانچ ہزار روپے سکیورٹی دو الگ الگ قانونی تقاضے ہیں جن کا مقصد بھی مختلف ہے، اس لیے دونوں ادائیگیوں کو ڈبل جیوپرڈی قرار نہیں دیا جا سکتا۔فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ دونوں ادائیگیاں ایک ہی نوعیت کی مالی ذمہ داری ہے، تاہم عدالت نے اس استدلال سے اتفاق نہیں کیا اور واضح کیا کہ قانون کے تحت دونوں شرائط پوری کرنا لازم ہے۔عدالت نے رجسٹرار آفس کی جانب سے ریویو پٹیشن پر عائد اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے درخواست گزار کو اعتراض دور کرنے کے لیے 15 دن کی مہلت دے دی۔