وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں بجلی کے بڑھتے ہوئے بحران اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور ضلعی انتظامیہ نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے دفعہ 144 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
استور ،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ہدایت پر بجلی بحران سے نمٹنے کے لیے دفعہ 144 نافذ، پیک آورز میں بھاری برقی آلات کے استعمال پر پابندی

مزید خبریں
استور۔08 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں بجلی کے بڑھتے ہوئے بحران اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور ضلعی انتظامیہ نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے دفعہ 144 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق روزانہ شام 6 بجے سے رات 10 بجے تک پیک آورز کے دوران بھاری برقی آلات، الیکٹرک ہیٹرز، لکڑی چیرنے کے کارخانوں (سا ملز)، مختلف صنعتی یونٹس، کرش پلانٹس، اسٹیل پلانٹس اور اسکریپ میلٹنگ کارخانوں میں بجلی کے استعمال پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد پیک آورز کے دوران گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ بجلی کی فراہمی یقینی بنانا، غیر ضروری بجلی کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنا اور دستیاب بجلی کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں نمایاں کمی لانا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر گلگلت نے واضح کیا ہے کہ نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنے والے افراد، فیکٹری مالکان اور صنعتی یونٹس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ بجلی بحران پر قابو پانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، حکومتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں، توانائی کے مؤثر اور محتاط استعمال کو اپنی قومی و سماجی ذمہ داری سمجھتے ہوئے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں تاکہ موجودہ بجلی بحران پر جلد از جلد قابو پایا جا سکے۔







