ماحول دوست صاف، سستی اور پائیدار توانائی کیلئے شمسی توانائی کا فروغ قومی توانائی کا اہم جزو ہے،100 میگاواٹ سولر منصوبہ وفاقی حکومت کا گلگت بلتستان کے عوام کیلئے تحفہ ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماحول دوست صاف، سستی اور پائیدار توانائی کے لیے شمسی توانائی کا فروغ قومی توانائی کا اہم جزو ہے،100 میگاواٹ سولر منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے تحفہ ہے

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماحول دوست صاف، سستی اور پائیدار توانائی کے لیے شمسی توانائی کا فروغ قومی توانائی کا اہم جزو ہے،100 میگاواٹ سولر منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے تحفہ ہے، پاور ڈویژن منصوبے کی بروقت تکمیل کے حوالے سے اپنی ذمے داری پوری کرے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان کے لئے 100 میگا واٹ شمسی توانائی منصوبے سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو گلگت بلتستان شمسی توانائی منصوبے پر پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ 100 میگاواٹ سولر منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے،پاور ڈویژن منصوبے کی تنصیب اور بروقت تکمیل کے حوالے سے اپنی ذمے داری پوری کرے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سولر منصوبے کیلئے خریداری کے عمل میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے، تمام ادائیگیاں تیسرے فریق کی توثیق کے بعد کی جائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت 499 سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر بیٹری سٹوریج سمیت 18 میگاواٹ سولر سسٹم دسمبر 2026تک نصب کر دیا جائے گا، 82 میگاواٹ یوٹیلیٹی سکیل سولر منصوبے کا پی سی ون منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا، 82 میگاواٹ سولر منصوبے سے تقریباً 13 لاکھ افراد مستفید ہوں گے،منصوبے کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں سروس کا معیار بہتر ہو گا اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔