ایچ ای سی نے حکومت عمان کے تعاون سے انڈر گریجویٹ سطح کے عمانی سکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستانی اور آزاد جموں و کشمیر کے طلبہ سے درخواستیں طلب کر لیں

:ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے حکومت سلطنت عمان کے تعاون سے تعلیمی سال 2026-27 کے لیے انڈر گریجویٹ سطح کے عمانی سکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستانی اور آزاد جموں و کشمیر کے طلبہ سے درخواستیں طلب کر لی ہیں

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے حکومت سلطنت عمان کے تعاون سے تعلیمی سال 2026-27 کے لیے انڈر گریجویٹ سطح کے عمانی سکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستانی اور آزاد جموں و کشمیر کے طلبہ سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ ایچ ای سی کے مطابق یہ سکالرشپ سلطنت عمان کے ثقافتی و سائنسی تعاون پروگرام کے تحت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ایچ ای سی اس پروگرام میں پاکستان کی جانب سے صرف نامزدگی کرنے والا ادارہ ہوگا۔ کمیشن اس سکالرشپ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی مالی ذمہ داری کا حامل نہیں ہوگا۔

ایچ ای سی کے مطابق درخواست گزاروں کے لیے انڈر گریجویٹ سٹڈیز ایڈمیشن ٹیسٹ (یو ایس اے ٹی) کا درست اور قابل قبول نتیجہ لازمی ہے۔ صرف وہ امیدوار اہل ہوں گے جنہوں نے 13 جون 2025ء سے 13 جون 2026ء کے درمیان یو ایس اے ٹی امتحان دیا ہو۔ اس سکالرشپ کے لیے الگ سے یو ایس اے ٹی ٹیسٹ منعقد نہیں کیا جائے گا اور امیدواروں کی جانچ موجودہ درست نتائج کی بنیاد پر کی جائے گی۔ ایچ ای سی نے خواہشمند طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپنی درخواستیں بروقت جمع کرائیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 جولائی 2026ء مقرر کی گئی ہے۔ مزید معلومات اور درخواست دینے کا طریقہ کار ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

مزید خبریں