کروشیا کے وزیر خارجہ 9 جولائی کو پاکستان کے سرکاری دورے پر آئیں گے
کروشیا کے وزیرِ خارجہ 9 جولائی کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے

مزید خبریں
اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کروشیا کے وزیرِ خارجہ و یورپی امور ڈاکٹر گورڈن گرلیچ راڈمان 9 جولائی 2026 کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
یہ کسی بھی کروشین وزیرِ خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔بدھ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور کروشیا کے وزیرِ خارجہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی مذاکرات ہوں گے۔ دونوں رہنما تجارت، سرمایہ کاری، ویزا سہولت، تعلیم، دفاع، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور بحری تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ دونوں وزرائے خارجہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔دورے کے دوران ڈاکٹر گورڈن گرلیچ راڈمان وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سمیت پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔کروشیا سے ہونے والا یہ اعلیٰ سطحی دورہ پاکستان اور کروشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔








