نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے پولیو اوور سائٹ بورڈ کے وفد کی ملاقات،پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں وفد کی حمایت کو سراہا

اسحاق ڈار سے پولیو اوور سائٹ بورڈ کے وفد کی ملاقات، پولیو کے خاتمے کے اقدامات پر تبادلۂ خیال

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پولیو اوور سائٹ بورڈ (POB) کے ایک وفد نے ملاقات کی ۔

بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وفد میں پولیو اوور سائٹ بورڈ کے چیئرمین اور روٹری انٹرنیشنل کے نمائندے مائیک میک گورن، گیٹس فاؤنڈیشن کے گلوبل ڈویلپمنٹ کے صدر ڈاکٹر کرس ایلیاس، عالمی ادارہ صحت کے مشرقی بحیرۂ روم کے (WHO EMRO) ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی، گاوی (Gavi) کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، یونیسیف ایشیا کے علاقائی ڈائریکٹر سنجے وجیسیکرا، کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (KSrelief) کے سینئر مشیر ڈاکٹر زیاد میمش اور امریکی ادارہ برائے امراض کے کنٹرول و انسداد (CDC) کے گلوبل امیونائزیشن ڈویژن کے ٹیم لیڈ ڈاکٹر اوموتایو بولا شامل تھے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں وفد کی مستقل اور بھرپور حمایت کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان مضبوط سیاسی عزم اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ملک کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ وفد نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی فعال اور مؤثر سفارت کاری کو سراہا اور عالمی انسانی ہمدردی کے امور میں پاکستان کے مثبت اور فعال کردار کی تعریف کی۔ اس موقع پر پاکستانی وفد کی نمائندگی قومی کمیشن برائے حقوقِ اطفال (NCRC) کی چیئرپرسن اور پاکستان پولیو پروگرام کی سربراہ عائشہ رضا فاروق نے کی۔ ملاقات میں اقوام متحدہ کیلئے سپیشل سیکرٹری اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مزید خبریں