مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی قومی، جمہوری اور عوامی خدمات قوم کیلئے مشعلِ راہ ہیں ،سیدال خان ناصر

قائم مقام چیئرمین سینیٹ کا مادرِ ملت فاطمہ جناح کی قومی و جمہوری خدمات کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی قومی، جمہوری اور عوامی خدمات قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں، آج قومی یکجہتی، جمہوری اقدار، برداشت اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے ان کے افکار و کردار سے رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

بدھ کو مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 59ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی تاریخ کی ایک عظیم، باوقار اور بااصول شخصیت تھیں جنہوں نے قومی جدوجہد، جمہوری روایات اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ناقابلِ فراموش خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ آزادی کے دوران مادرِ ملت نے قائد اعظم محمد علی جناح کے دستِ راست کی حیثیت سے ہر مشکل مرحلے میں ان کا بھرپور ساتھ دیا اور برصغیر کے مسلمانوں میں اتحاد، اعتماد اور آزادی کی نئی روح بیدار کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے بعد بھی فاطمہ جناحؒ نے آئینی بالادستی، جمہوری استحکام اور عوامی نمائندگی کے فروغ کے لیے ہمیشہ اصولی مؤقف اختیار کیا۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ مادرِ ملت کی پوری زندگی دیانت، سچائی، قومی خدمت اور ثابت قدمی کی عملی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں قومی یکجہتی، جمہوری اقدار، برداشت اور قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے فاطمہ جناحؒ کے افکار اور کردار سے رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت نے پاکستانی خواتین کو قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کا حوصلہ دیا اور یہ ثابت کیا کہ خواتین ہر شعبۂ زندگی میں قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکتی ہیں۔ ان کی جدوجہد خواتین کے وقار، مساوی مواقع اور قومی تعمیر میں ان کے کردار کی روشن مثال ہے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پوری قوم مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی قومی خدمات کو ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھے گی اور ان کے مشن، کردار اور اصولوں سے آنے والی نسلیں مسلسل رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پاکستان کو ان کے خوابوں کے مطابق ایک مضبوط، متحد، جمہوری اور خوشحال ریاست بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔

مزید خبریں