فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے نینوئے اکینو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رن وے پر حرکت کے دوران سعودی ایئرلائنز کے ایک طیارے اور فلپائن ایئرلائنز کے دوسرے طیارے کے درمیان ٹکراؤ ہوگیا۔
فلپائن ائیرپورٹ پر سعودی طیارے کی دوسرے طیارے سے ٹکر، مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا

مزید خبریں
منیلا۔9جولائی (اے پی پی):فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے نینوئے اکینو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رن وے پر حرکت کے دوران سعودی ایئرلائنز کے ایک طیارے اور فلپائن ایئرلائنز کے دوسرے طیارے کے درمیان ٹکراؤ ہوگیا۔ العربیہ کے مطابق حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ متعلقہ حکام نے اپنی کارروائی شروع کر دی ہے۔”سعودیہ” نے کہا ہے کہ اپنے مہمانوں کو ان کا سفر مکمل کرنے کے لیے مدد فراہم کی جائے گی۔ سعودی گروپ کے کارپوریٹ کمیونیکیشن کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر عبداللہ الشہرانی نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ” کو بتایا کہ سعودی ایئرلائنز کا طیارہ فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے نینوئے اکینو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ٹیکسی وے پر حرکت کے دوران اس وقت معمولی رگڑ کا شکار ہوا جب اس کے ایک پر کا کنارہ دوسرے طیارے سے چھو گیا۔ تمام مہمانوں اور عملے کے ارکان کو طیارے سے بحفاظت نکال لیا گیا۔انجینئر عبداللہ الشہرانی نے کہا کہ "سعودی” ایئرلائنز متعلقہ حکام کے ساتھ براہ راست کام کر رہی ہے اور اپنے مہمانوں کے لیے ان کا سفر مکمل کرنے اور پروازوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری مدد فراہم کرنا جاری رکھے ہوئے ہے۔ دوسری جانب فلپائن ایئرلائنز نے اس واقعے کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا جس میں کسی کے زخمی نہ ہونے کا بتایا گیا اور کہا گیا کہ اس کے طیارے کو تکنیکی معائنے کے لیے سروس سے ہٹا لیا گیا ہے۔








