سعودی عرب کی پبلک ہیلتھ اتھارٹی ’’وقایہ‘‘ نے بیرون مملکت جانے والے مسافروں کو متعدی امراض سے بچائو کے لئے ہیلتھ گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اتھارٹی نے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا کہ سمر سیزن میں عام طور پر سفری سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے
سعودی عرب،بیرون ملک جانے والے مسافروں کو متعدی امراض سے بچائو کے لئے ہیلتھ گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
ریاض۔9جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کی پبلک ہیلتھ اتھارٹی ’’وقایہ‘‘ نے بیرون مملکت جانے والے مسافروں کو متعدی امراض سے بچائو کے لئے ہیلتھ گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اتھارٹی نے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا کہ سمر سیزن میں عام طور پر سفری سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ متعدی امراض سے متاثر ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں، مسافروں کو چاہئے کہ وہ ہیلتھ گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ اتھارٹی نے کہا کہ بین الاقوامی صحت تنظیموں کے تعاون سے عالمی وبائی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مختلف ممالک میں ہنٹا وائرس، ایبولا وائرس، یلو فیور، سیزنل انفلوئنزا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اتھارٹی نے مسافروں پر روانگی سے قبل سفری مقامات پر صحت کے حوالے سے صورتحال اور لازمی ویکسی نیشن کا جائزہ لینے کی اہمیت پر زور دیا،خاص طور پر وہ ویکسین جو یلو فیور سے متاثرہ علاقوں کا سفر کرنے والوں کے لیے ضروری ہے، اس کا سرٹیفکیٹ بھی ہمراہ رکھیں۔ پبلک ہیلتھ اتھارٹی نے واضح کیا کہ متعدی امراض کی منتقلی کے طریقے اور ان کی شدت ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہے۔ اتھارٹی نے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ وبائی امراض سے متاثرہ افراد اور جنگلی جانوروں سے دور رہیں۔ صفائی کا خیال رکھیں، خوراک اور پانی کے استعمال میں احتیاط کریں، مچھر سے بچاؤ کے لیے سپرے کا استعمال کیا جائے۔ اگر سفر کے دوران یا مملکت واپس آنے کے بعد کسی قسم کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر طبی معائنہ کرائیں، اپنے ڈاکٹر کو سفر کی تاریخ بتائیں تاکہ درست اور بر وقت تشخیص کی جا سکے۔








