اٹلی کی مشہور جھیل کومو کے کنارے واقع سیاحتی گاؤں وارینا کی انتظامیہ نے بے ہنگم سیاحت پر قابو پانے کے لیے سخت قوانین نافذ کر دیئے،
اٹلی ، سیاحوں کے بغیر شرٹ یا تیراکی کے لباس میں گھومنے پر پابندی عائد ، خلاف ورزی پر جرمانہ ہو گا

مزید خبریں
روم۔9جولائی (اے پی پی):اٹلی کی مشہور جھیل کومو کے کنارے واقع سیاحتی گاؤں وارینا کی انتظامیہ نے بے ہنگم سیاحت پر قابو پانے کے لیے سخت قوانین نافذ کر دیئے،جن کے تحت عوامی مقامات پر بغیر شرٹ یا سوئمنگ ڈریس میں گھومنے والے افراد پر 50 سے 200 یورو تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اردو نیوز کے مطابق مقامی انتظامیہ نے گزشتہ روز یہ پابندی صرف ساحل، جھیل کے کنارے یا کشتی کی سیر تک محدود لباس کو گاؤں کی گلیوں، بازاروں، ریستورانوں، گرجا گھروں اور عوامی مقامات پر پہننے سے روکنے کے لیے لگائی ہے۔
وارینا کے میئر ماؤرو منزونی کا کہنا ہے کہ ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں سیاح اس خوب صورت گاؤں کا رخ کرتے ہیں، تاہم مقامی آبادی کے سکون اور معیارِ زندگی کو بڑے پیمانے پر سیاحت کی نذر نہیں کیا جا سکتا ۔ نئے قوانین کے تحت سیاحتی گروپوں کی تعداد بھی 25 افراد تک محدود کر دی گئی ہے جبکہ ٹور گائیڈز کے لیے لاؤڈ سپیکر استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے تاکہ تنگ گلیوں میں ہجوم اور شور و غل پر قابو پایا جا سکے۔ مقامی دکانداروں نے ان اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ساحل پر لوگ اپنی مرضی کا لباس پہن سکتے ہیں لیکن بازاروں، دکانوں، ریستورانوں اور مذہبی مقامات پر مناسب لباس پہننا ضروری ہے۔ یاد رہے کہ اٹلی میں بڑھتی ہوئی سیاحت کے باعث اس نوعیت کے اقدامات پہلے بھی کیے جا چکے ہیں۔








