بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف )نے تازہ ترین عالمی اقتصادی جائزہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے پیشنگوئی کی ہے کہ 2026 میں عالمی معیشت کی ترقی کی شرح 3 فیصد جبکہ 2027 میں 3.4 فیصد رہے گی۔
رواں سال عالمی معیشت کی ترقی کی شرح 3 فیصد ، 2027 میں 3.4 فیصد رہے گی، آئی ایم ایف کی اقتصادی جائزہ رپورٹ

مزید خبریں
واشنگٹن۔9جولائی (اے پی پی):بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف )نے تازہ ترین عالمی اقتصادی جائزہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے پیشنگوئی کی ہے کہ 2026 میں عالمی معیشت کی ترقی کی شرح 3 فیصد جبکہ 2027 میں 3.4 فیصد رہے گی۔ سی جی ٹی این نے گزشتہ روز جاری عالمی اقتصادی جائزہ رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ رواں سال اپریل میں جاری کی گئی عالمی اقتصادی جائزہ رپورٹ کے مقابلے میں آئی ایم ایف نے 2026 کے لیے عالمی اقتصادی ترقی کی پیشنگوئی میں 0.1 فیصد پوائنٹس کمی کی ہے جبکہ 2027 کے لیے ترقی کی شرح کی پیشنگوئی میں 0.2 فیصد پوائنٹس کا اضافہ کیا ہے،تاہم یہ شرح 2024 اور 2025 کے دوران ریکارڈ کی گئی اوسط 3.5 فیصد ترقی سے اب بھی کم ہے۔
رپورٹ میں پیشنگوئی کی گئی ہے کہ چین کی معیشت 2026 میں 4.6 فیصد اور 2027 میں 4.1 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گی۔ یہ اندازے اپریل کی پیشنگوئی کے مقابلے میں بالترتیب 0.2 اور 0.1 فیصد پوائنٹس زیادہ ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں چین کی معیشت نے توقعات سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کی بنیادی وجوہات میں عوامی بنیادی ڈھانچے میں پیشگی سرمایہ کاری، ہائی ٹیک صنعتوں میں ترقی اور برآمدات میں اضافہ شامل ہیں۔تاہم رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ، مسلسل غیر یقینی صورتحال اور ساختی عوامل چین کی معاشی سرگرمیوں پر بدستور کچھ منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔








