معیاری رعایتی تعلیمی سہولیات،ریجنل پولیس فیصل آباد اور فینکس سکول اینڈ کالج سسٹم کے درمیان معاہدہ، فیس میں 50 سے 100 فیصد تک رعائت ملے گی
معیاری رعایتی تعلیمی سہولیات،ریجنل پولیس فیصل آباد اور فینکس سکول اینڈ کالج سسٹم کے درمیان معاہدہ

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 09 جولائی (اے پی پی):معیاری رعایتی تعلیمی سہولیات،ریجنل پولیس فیصل آباد اور فینکس سکول اینڈ کالج سسٹم کے درمیان معاہدہ، فیس میں 50 سے 100 فیصد تک رعائت ملے گی۔ ترجمان ریجنل پولیس رضوان بھٹی نے بتایا کہ ریجنل پولیس فیصل آباد اور فینکس سکول اینڈ کالج سسٹم کے درمیان پولیس افسران کے اہل خانہ کو معیاری اور رعایتی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے معاہدہ طے پاگیا۔ آر پی او آفس میں منعقدہ ایک تقریب میں ریجنل پولیس فیصل آباد اور فینکس سکول اینڈ کالج سسٹم کے درمیان پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کو معیاری اور رعایتی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایم او یو سائن کیا گیا۔ایم او یو پر آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اور فینکس سکول اینڈ کالج سسٹم کے مینجنگ ڈائریکٹر سید اسفر کاظمی نے دستخط کیے۔
ایم او یو کے تحت شہداء پولیس اور دورانِ سروس وفات پانے والے پولیس افسران کے اہل خانہ کو ٹیوشن فیس میں 100 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔ غازی پولیس افسران کے اہل خانہ کے لیے 60 فیصد،حاضر سروس ا و ریٹائرڈ پولیس افسران کے اہل خانہ کوٹیوشن فیس میں 50 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔اس معاہدے کے تحت پولیس افسران کو ٹیوشن فیس آسان اقساط میں جمع کرانے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ مزید نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کے بچوں کو میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپس دی جائیں گی، جبکہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کو داخلوں میں ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ اس ایم او یو کا بنیادی مقصد پولیس فورس اور ان کے اہل خانہ کے لیے معیاری اور سستی تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ پولیس افسران اور ان کی فیملی کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں بہتر تعلیمی اور سماجی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔








