پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات 56 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، وفاقی وزیر برائے بحری امور

"مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کی مچھلی اور مچھلی سے تیار مصنوعات کی برآمدات 56 کروڑ 80 لاکھ امریکی ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں، جو بحری شعبے کی نمایاں کامیابی ہے۔” — محمد جنید انوار چوہدری

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ مالی سال26۔2025 کے دوران پاکستان کی مچھلی اور مچھلی سے تیار کی جانے والی مصنوعات کی برآمدات ریکارڈ 56 کروڑ 80 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ گئیں جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جمعرات کو جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کامیابی حکومت کے بلیو اکانومی اصلاحات، سمندری خوراک کی برآمدات میں اضافے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق خوراک کی حفاظت اور معیار کو یقینی بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برآمدات میں منجمد مچھلی سرفہرست رہی جس سے 10 کروڑ 50 لاکھ 90 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ منجمد سکویڈ اور کٹل فش کی برآمدات 10 کروڑ 37 لاکھ 10 ہزار ڈالر، فش میل 8 کروڑ 31 لاکھ 20 ہزار ڈالر، جھینگا 6 کروڑ 21 لاکھ 40 ہزار ڈالر، کیکڑا 3 کروڑ 68 لاکھ 90 ہزار ڈالر، سارڈین 3 کروڑ 6 لاکھ 20 ہزار ڈالر، میکرل 2 کروڑ 26 لاکھ 70 ہزار ڈالر، فلیٹ فش ایک کروڑ 72 لاکھ 40 ہزار ڈالر، آکٹوپس ایک کروڑ 51 لاکھ 80 ہزار ڈالر اور سوریمی (قیمہ نما مچھلی کا گوشت) ایک کروڑ 46 لاکھ 30 ہزار ڈالر رہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات کا بڑا حصہ چین، تھائی لینڈ، ملائیشیا، متحدہ عرب امارات، جاپان، ویتنام، سعودی عرب، جنوبی کوریا، انڈونیشیا اور امریکا بھیجا گیا۔ محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ خلیجی خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث علاقائی تجارت اور بحری لاجسٹکس میں رکاوٹوں کے باوجود یہ ریکارڈ کامیابی حاصل کرنا پاکستان کے ماہی گیری کے شعبے، برآمدکنندگان اور متعلقہ اداروں کی استعداد اور عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منصور علی وسان اور ان کی ٹیم کو بین الاقوامی معیار برقرار رکھنے، ریگولیٹری نظام کو مضبوط بنانے اور برآمدی منڈیوں تک رسائی آسان بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت معیار کی یقین دہانی کے نظام کو مزید مضبوط، برآمدی منڈیوں کو متنوع، ویلیو ایڈیشن کو فروغ اور پاکستان کی فشریز انڈسٹری کی عالمی مسابقت میں اضافے کے لئے اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزارت بحری امور جلد ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کرے گی جس میں ملک کے ٹاپ 10 فشریز ایکسپورٹرز کو وزیراعظم کی جانب سے تعریفی اسناد پیش کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر بحری امور نے اس تاریخی کامیابی پر میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ، پاکستان فشریز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، فش پروسیسرز، برآمدکنندگان اور شعبے سے وابستہ تمام سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد پیش کی۔

مزید خبریں