آر پی او سرگودھا کا ضلع خوشاب کا دورہ ، کھلی کچہری کا انعقاد، انوسٹی گیشن کمپلیکس کا افتتاح

"کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل براہِ راست سن کر ان کے فوری اور مؤثر حل کو یقینی بنانا اور پولیس پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔”

سرگودھا ۔ 09 جولائی (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا محمد شہزاد آصف خان نے ضلع خوشاب کا دورہ کیا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرخوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی کی جانب سے لگائی گئی کھلی کچہری میں شرکت کی۔

کھلی کچہری میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہِ راست بیان کیے۔ آر پی او نے شہریوں کی شکایات کو فرداً فرداً سنا اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو موقع پر ہی مسائل کے فوری حل کے سخت احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں سستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ آر پی او سرگودھا نے ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی اور دیگر سینئر پولیس افسران کے ہمراہ نو تعمیر شدہ جدید "انوسٹی گیشن کمپلیکس” کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے نئی عمارت کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا، تعمیراتی معیار کو سراہا اور تفتیش کےعمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے عمارت کی بہترین دیکھ بھال اور وسائل کے درست استعمال کی ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں، انہوں نے سیف سٹی خوشاب کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مانیٹرنگ اور سیکیورٹی کے نظام کا جائزہ لیتے ہوئے روزمرہ کے امور میں مزید بہتری کے لیے ہدایات دیں۔

مزید خبریں