"امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔” — میر ضیاء اللہ لانگو
وزیر داخلہ بلوچستان کی خضدار میں قبائلی رہنما میر شفیق الرحمان مینگل پر حملے کی مذمت

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے خضدار میں قبائلی رہنما میر شفیق الرحمان مینگل پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے اور حکومت دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ بلوچستان نے حملے میں زخمی ہونے والے میر شفیق الرحمان مینگل کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے خضدار اور گردونواح میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان کی عوام، قبائل اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور امن دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، تاہم حکومت اور سکیورٹی ادارے پوری مستعدی کے ساتھ ایسے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور دشمن قوتوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، عوام اور قبائلی عمائدین کا کردار قابلِ تحسین ہے اور ان کی قربانیوں کی بدولت امن کی بحالی کی کوششیں مزید مضبوط ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امن کے قیام میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔میر ضیاء اللہ لانگو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور حکومت، سیکیورٹی فورسز اور عوام کے باہمی تعاون سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی اور بلوچستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا۔








