ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی زیر صدارت تحصیل لورہ میں کھلی کچہری،عوامی مسائل سنے

"کھلی کچہری کا مقصد عوامی مسائل کو براہِ راست سن کر ان کے بروقت اور مؤثر حل کو یقینی بنانا اور عوامی خدمت کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔”

ایبٹ آباد۔ 09 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت تحصیل لورہ میں کھلی کچہری منعقد ہوئی، کھلی کچہری میں رکن صوبائی اسمبلی رجب علی عباسی نے خصوصی شرکت کی۔

کھلی کچہری میں ضلعی، صوبائی اور وفاقی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ اہلیان لورہ نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے پینے کے پانی، سڑکوں، صحت، تعلیم، بجلی، ریونیو، انفراسٹرکچر، الیگل مائننگ اور دیگر عوامی مسائل و شکایات پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو متعدد مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر ہدایات جاری کیں، جبکہ متعدد مسائل پر ضلعی افسران کو رپورٹ کی تفصیلی رپورٹس طلب کرتے ہوئے جلد از جلد کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔رکن صوبائی اسمبلی رجب علی عباسی نے عوامی شکایات پر صوبائی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا جائے گا اور ترقیاتی و عوامی فلاحی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دور افتادہ دیہی علاقوں کے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت کی ہدایات کے مطابق کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو بروقت، مؤثر اور آسان انداز میں سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

مزید خبریں