گوجرانوالہ،مختلف علاقوں میں 2 پولیس مقابلے، 1 ریکارڈ یافتہ خطرناک ملزم ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار

گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں 2 پولیس مقابلے عمل میں آئے، جن میں 1 ریکارڈ یافتہ خطرناک ملزم ہلاک اور 1 زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

گوجرانوالہ۔ 10 جولائی (اے پی پی):گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں 2 پولیس مقابلے عمل میں آئے، جن میں 1 ریکارڈ یافتہ خطرناک ملزم ہلاک اور 1 زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ ترجمان ضلعی پولیس گوجرانوالہ کے مطابق تھانہ گکھڑ منڈی پولیس سے مقابلہ میں گکھڑ میں شہری کو واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر گولی مار کر زخمی کرنے والا اور 40 سے زائد سنگین وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ خطرناک بین الاضلاعی ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

تھانہ گکھڑ منڈی پولیس سے مقابلہ کے دوران ڈکیتی، چوری اور دوران واردات شہریوں کو زخمی کرنے کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ بین الاضلاعی ڈاکو سفیان پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار کے دوران اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا اس کے قبصہ سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک ملزم سفیان نے 6 جولائی 2026 کو تھانہ گکھڑ کے علاقہ میں ڈکیتی کے دوران شہری کو گولی مار کر شدید زخمی کیا تھا، ملزم گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں ڈکیتی و راہزنی، چوری اور دیگر سنگین جرائم کی 40 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھا۔

تھانہ صدر کامونکی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 سالہ کم سن بچی سے زیادتی کی کوشش کے مقدمہ میں ملوث ملزم سمیر کو گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس ناکہ سے فرار ہونے کی کوشش میں زخمی حالت میں گرفتار کیا جبکہ ہمراہی فرار ہو گیا۔ سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پیز سے رپورٹ طلب کر لی اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی اوز کی زیر نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے کر شہر بھر میں ناکہ بندی جاری کر دی۔

مزید خبریں