وفاقی وزیر داخلہ کا کرک میں کامیاب آپریشن پر کے پی کے پولیس کو خراجِ تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں دہشت گردوں کے خلاف انتہائی کامیاب آپریشن پر کے پی کے پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں دہشت گردوں کے خلاف انتہائی کامیاب آپریشن پر کے پی کے پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے آپریشن کے دوران 4 خطرناک دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس فورس کو مبارکباد دی اور ان کی بہادری کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے ایک بار پھر دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کے پی کے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ انہوں نے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ہماری تمام سکیورٹی فورسز اور پولیس پوری طرح پرعزم ہیں اور وطنِ عزیز کے امن پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔