پاکستان ہاکی فیڈریشن نے عمان کے شہر مسقط میں ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں کے لئے 18 رکنی قومی ویمنز انڈر 21 اور یوتھ انڈر 18 ہاکی فائیو اے سائیڈ ٹیم کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے
مسقط میں ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں کیلئے 18 رکنی قومی ویمنز انڈر 21 اور یوتھ انڈر 18 ہاکی فائیو اے سائیڈ ٹیم کا اعلان

مزید خبریں
لاہور۔10جولائی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن نے عمان کے شہر مسقط میں ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں کے لئے 18 رکنی قومی ویمنز انڈر 21 اور یوتھ انڈر 18 ہاکی فائیو اے سائیڈ ٹیم کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم کا انتخاب پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی کے ارکان اولمپین ناصر علی اور اولمپین نعیم اختر نے کیا، جس کی منظوری پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے دی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ویمنز جونیئر (انڈر 21) اے ایچ ایف کپ 12 سے 18 جولائی 2026 تک جبکہ انڈر 18 یوتھ ہاکی فائیو ایشیا کپ 20 سے 25 جولائی 2026 تک مسقط، عمان میں کھیلا جائے گا، جہاں قومی ٹیم دونوں ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔اعلان کردہ سکواڈ میں گول کیپرز ماریہ مہک اور خدیجہ لطیف شامل ہیں۔ ڈیفنڈرز میں ربیشہ پروین، زلیرا صدف، لاریب پروین، جویریہ ریشم اور ثنا خالد کو منتخب کیا گیا ہے۔ مڈ فیلڈرز میں فروا حیدر، سائرہ یونس، شارین فاطمہ، اریبہ اسلم، عفت زہرہ اور لاریب عابد شامل ہیں، جبکہ سٹرائیکرز میں شارقہ، صوبیہ افضل، عنایہ بتول، صالحہ گلفام اور سحرش کنول کو سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ٹیم آفیشلز میں مس سیدہ خانم ٹیم منیجر، مس سحرش ارشد گھمن کوچ جبکہ ڈاکٹر سبیال افتخار ٹیم فزیو کی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منتخب سکواڈ متوازن اور باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جنہوں نے حالیہ پرائم منسٹر نیشنل جونیئر ویمنز ہاکی چیمپئن شپ اسلام آباد میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فیڈریشن نے امید ظاہر کی ہے کہ قومی ویمنز ٹیم مسقط میں ہونے والے دونوں ایونٹس میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کے لئے کامیابیاں سمیٹے گی۔








