وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام ترقی، استحکام، عوامی خدمت اور تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر ایک بار پھر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے۔
آزاد کشمیر کے عوام ترقی، استحکام، عوامی خدمت اور تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں ،بیرسٹر دانیال چوہدری

مزید خبریں
راولپنڈی۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام ترقی، استحکام، عوامی خدمت اور تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر ایک بار پھر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں حلقہ این اے 57 راولپنڈی میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم خان، ارکان پنجاب اسمبلی ضیاء اللہ شاہ اور رفعت عباسی، سابق رکن پنجاب اسمبلی راجہ ارشد محمود، چیف کوآرڈینیٹر راجہ عبدالباسط مسکین، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے امیدوار احمد رضا قادری اور یاسین لون، مسز ممتاز ملک، ندیم اختر بھٹی، ملک حسنین صابر، نوید کیانی، راجہ شاہد، یاسر بٹ، شمع فردوس، زری بیگم اور دیگر سیاسی و تنظیمی رہنماؤں نے شرکت کی۔
بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خدمت، میرٹ، ترقیاتی منصوبوں اور قومی یکجہتی کی سیاست کو فروغ دیا ہے جبکہ مخالفین کے پاس عوام کو دینے کے لیے محض الزامات اور انتشار کی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہر مشکل دور میں عوامی مفاد کو ترجیح دی اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے۔ آزاد کشمیر کے عوام باشعور ہیں اور وہ کارکردگی، خدمت اور ترقی کے سفر کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا فیصلہ کریں گے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران گھر گھر جا کر عوام سے رابطہ کریں، حکومت کی عوام دوست پالیسیوں اور ترقیاتی اقدامات کو موثر انداز میں اجاگر کریں اور اتحاد، نظم و ضبط اور مثبت طرز سیاست کا عملی مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کے لیے کارکنوں کا جذبہ، تنظیمی ہم آہنگی اور مسلسل عوامی رابطہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں اور انہی کی محنت اور عوامی اعتماد کی بدولت انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل ہو گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی قیادت کی رہنمائی میں آزاد کشمیر میں ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کا سفر مزید تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔ اجلاس میں انتخابی حکمت عملی، تنظیمی معاملات، عوامی رابطہ مہم اور کارکنوں کی ذمہ داریوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکا نے انتخابی مہم کو منظم اور موثر انداز میں چلانے، عوامی رابطوں میں مزید تیزی لانے اور پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔








