پاک فوج، فرنٹیئر کور اور بلوچستان پولیس کی جانب سے "آپریشن شعبان”جاری، مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع منگی ڈیم پولیس سٹیشن پر دہشت گرد حملے کے بعد پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کی جانب سے مشترکہ کارروائی "آپریشن شعبان”جاری ہے جس کے دوران مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

کوئٹہ۔10جولائی (اے پی پی):سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع منگی ڈیم پولیس سٹیشن پر دہشت گرد حملے کے بعد پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کی جانب سے مشترکہ کارروائی "آپریشن شعبان”جاری ہے جس کے دوران مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ 6 اور 7 جولائی کو کی گئی کارروائیوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 26 دہشت گرد ہلاک کئے گئے تھے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 دہشت گرد مارے گئے جس کے بعد آپریشن شعبان کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 39 ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کا گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے اور زمینی و فضائی کارروائیوں کے ذریعے مختلف مقامات پر آپریشن جاری ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج صبح خضدار کے علاقے زیدی میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس سٹیشن پر حملے کی کوشش کو بھی ناکام بنا دیا گیا۔ فوری کارروائی کے دوران پاک فوج اور ایف سی کے دستوں نے آٹھ دہشت گرد ہلاک کر دیئے جبکہ ہیلی کاپٹر آپریشنز میں مزید پانچ سے چھ دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بنیادوں پر کئے جانے والے آپریشنز میں اب تک مجموعی طور پر 75 دہشت گرد ہلاک کئے جا چکے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور علاقے میں امن و استحکام کے قیام تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔