بنیادی مراکز صحت بیماریوں کے علاج، زچگی اور بنیادی طبی خدمات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، وفاقی وزیر قومی صحت

وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بنیادی مراکز صحت معمولی بیماریوں کے علاج، زچگی اور بنیادی طبی خدمات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اب تک ساڑھے 14 ہزار سے زائد افراد ٹیلی میڈیسن سینٹرز کے ذریعے طبی مشاورت اور علاج کی سہولت حاصل کر چکے ہیں۔

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بنیادی مراکز صحت معمولی بیماریوں کے علاج، زچگی اور بنیادی طبی خدمات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اب تک ساڑھے 14 ہزار سے زائد افراد ٹیلی میڈیسن سینٹرز کے ذریعے طبی مشاورت اور علاج کی سہولت حاصل کر چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنیادی مرکز صحت پھلگراں کو ڈیجیٹلائزڈ ہیلتھ سینٹر میں تبدیل کرنے کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کیا۔وفاقی وزارت قومی صحت کے تحت ہیلتھ کیئر ڈیجیٹلائزیشن پروگرام کے سلسلے میں اسلام آباد کے بنیادی مرکز صحت پھلگراں کو جدید ڈیجیٹلائزڈ ہیلتھ سینٹر میں تبدیل کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر قومی صحت مصطفیٰ کمال نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج نویں ٹیلی میڈیسن سینٹر کا افتتاح کیا جا رہا ہے جو عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت سہولت پروگرام کے تحت ملک بھر میں 9,502 بیڈز اور 44 ہسپتالوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی توجہ سے چار سال سے معطل صحت سہولت پروگرام کو دوبارہ فعال کیا گیا جس کے تحت شہری 10 لاکھ روپے تک علاج کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔وفاقی وزیر قومی صحت نے کہا کہ حکومت کا بنیادی کردار صحت کے شعبے میں موثر پالیسیاں مرتب کرنا اور ان پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو براہ راست ہسپتال چلانے کی بجائے پالیسی سازی، نگرانی اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ صحت کا مجموعی بجٹ 1,153 ارب روپے ہے، اس کے باوجود عوام کی شکایات برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر موثر ہیلتھ انشورنس نظام نافذ کیا جائے تو تقریباً 210 ارب روپے کے ذریعے 90 فیصد آبادی کو بہتر اور اطمینان بخش طبی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت صحت جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیلی میڈیسن کے ذریعے ملک کے دور دراز علاقوں تک معیاری صحت کی سہولیات پہنچانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

مزید خبریں