این ڈی ایم اے نے ملک کے شمالی علاقوں میں شدید موسمی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کا ہائی الرٹ جاری کر دیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے شمالی علاقوں میں شدید موسمی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) کا ہائی الرٹ جاری کر دیا ہےاور سیاحوں کو غیر ضروری پہاڑی سفر سے مکمل گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے شمالی علاقوں میں شدید موسمی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) کا ہائی الرٹ جاری کر دیا ہےاور سیاحوں کو غیر ضروری پہاڑی سفر سے مکمل گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے این ای او سی کی جانب سے 11 سے 13 جولائی تک شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ 10 سے 14 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کے جاری کردہ پیشگی موسمی جائزے کے عین مطابق ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور بارشوں کی وجہ سے گلیشیائی وادیوں میں اچانک سیلاب، ملبے کے بہائو اور مقامی نالوں میں کٹائو کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ اس سلسلے میں سوات،اشکومان، ہنارچی، ترسات ہنڈور، التر، اویر، چینٹر، گوپیس، یاسین، روشان، ہاکیس، چتیبوئی، ٹھلو-1 اور 2، ریشون، بریپ، بونی، سردار گول، پنڈورو چاٹ، خپلو، ہسپر-ہپر، غلکن اور گلتنگ سمیت مضافاتی علاقوں کو گلیشیائی جھیلوں کے سیلاب کے حوالے سے انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، مری، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے شدید خدشات ہیں۔ حکام نے جگلوٹ سکردو روڈ، ہنزہ سے گوجال روڈ، اور گلگت سے غزر، نلتر، بگروٹ اور ہرموش کے علاقوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے لحاظ سے حساس ترین زون قرار دیا ہے۔این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گلیشیائی علاقوں، ندی نالوں اور سیلابی راستوں سے دور رہیں، خطرناک ڈھلوانوں کے قریب آمدورفت میں احتیاط برتیں اور مستند اطلاعات و حفاظتی تدابیر کے لیے ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ ایپ کا استعمال کریں۔

مزید خبریں