اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے ادارے کے افسران اور عملے کو ہدایت کی ہے کہ عوام الناس کو فوری اور موثر ریلیف کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں جبکہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے چیمبرز آف کامرس کی مشاورت سے وفاقی محتسب میں بزنس کمشنر مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔وفاقی محتسب نے یہ ہدایات ادارے کی …
عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے کوششیں تیز کی جائیں، وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے ادارے کے افسران اور عملے کو ہدایت کی ہے کہ عوام الناس کو فوری اور موثر ریلیف کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں جبکہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے چیمبرز آف کامرس کی مشاورت سے وفاقی محتسب میں بزنس کمشنر مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔وفاقی محتسب نے یہ ہدایات ادارے کی کارکردگی کے ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں رجسٹریشن، انویسٹی گیشن، عملدرآمد، میڈیا، آئی آر ڈی اور بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات سے متعلق کمشنر آفس سمیت مختلف شعبوں کے سربراہان اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ علاقائی دفاتر کے افسران آن لائن اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں سیکرٹری علی طاہر نے مختلف شعبوں کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر نوید کامران بلوچ نے کہا کہ ادارے پر عوام کا اعتماد اس کا قیمتی سرمایہ ہے جسے ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف اور ریلیف فراہم ہو سکے۔وفاقی محتسب نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے موثر حل کے لیے چیمبرز آف کامرس سے مشاورت کے بعد وفاقی محتسب میں بزنس کمشنر تعینات کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب کے کردار اور خدمات سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے ایک جامع میڈیا حکمت عملی بھی تیار کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے علاقائی دفاتر کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اپنی تجاویز ارسال کریں۔نوید کامران بلوچ نے مزید کہا کہ ہیڈ آفس کے ساتھ ساتھ تمام علاقائی دفاتر کو جدید دفتری سہولیات اور آٹومیشن ٹولز سے آراستہ کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جا سکے۔








