وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات

اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی جس میں پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی، توانائی کے شعبے کی مالی بہتری، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق یہاں وزارت توانائی میں ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے گورنر خیبر پختونخوا کو پاور سیکٹر میں جاری جامع اصلاحات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران حکومت نے شعبہ توانائی کو مالی، انتظامی اور تکنیکی بنیادوں پر مستحکم بنانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں۔

اس کے نتیجے میں تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی، لائن لاسز اور مالی خسارے میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی جبکہ گردشی قرضے میں تقریباً 780 ارب روپے کی کمی لائی جا چکی ہے۔ سردار اویس احمد خاں لغاری نے بتایا کہ اضافی پیداواری صلاحیت کے چیلنج سے نمٹنے کے بعد حکومت اب روایتی بجلی خریداری کے نظام سے آگے بڑھتے ہوئے مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام کی جانب تیزی سے پیش رفت کر رہی ہے جہاں کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست بجلی کی خرید و فروخت ممکن ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلے میں تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر تقسیم کار کمپنیوں کو بھی مرحلہ وار اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے گورنر خیبر پختونخوا کو ٹرانسمیشن نظام کی بہتری کے لیے جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت قومی گرڈ کی ڈیجیٹائزیشن، ٹرانسمیشن نظام کی استعداد میں اضافے، بیٹری انرجی سٹوریج سسٹمز اور ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر کے فروغ پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً 1 کروڑ 60 لاکھ بجلی کے میٹروں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اے پی ایم ایس کے تحت ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈ مینجمنٹ کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ پورے گرڈ یا فیڈرز کی بندش کے بجائے ضرورت کے مطابق محدود سطح پر لوڈ مینجمنٹ کے ذریعے صارفین کو زیادہ سے زیادہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات اور توانائی کے شعبے کی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے مثبت نتائج عوام اور قومی معیشت تک پہنچیں گے۔

ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور اور باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی ترقی، معاشی استحکام اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان موثر تعاون ناگزیر ہے۔