وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے بعد شروع کیا گیا”آپریشن شعبان”کامیابی سے جاری ہے، جبکہ 5 جولائی سے مختلف علاقوں میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں اب تک مجموعی طور پر 75 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔
آپریشن شعبان کامیابی سے جاری، 5 جولائی سے اب تک 75 دہشت گرد ہلاک، ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رہے گی، سرفراز بگٹی

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 10 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے بعد شروع کیا گیا”آپریشن شعبان”کامیابی سے جاری ہے، جبکہ 5 جولائی سے مختلف علاقوں میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں اب تک مجموعی طور پر 75 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ بلوچستان میں ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی اور دہشت گرد اپنے انجام سے نہیں بچ سکتے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاک فوج، فرنٹیئر کور(ایف سی)اور بلوچستان پولیس دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں مشترکہ زمینی اور فضائی کارروائیاں کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن شعبان کے دوران اب تک 39 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں، جبکہ 5 جولائی سے جاری مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 75 ہو گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خضدار کے علاقے زیدی میں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گرد حملے کو بھی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔








