گورنر خیبرپختونخوا کا مانگی ڈیم واقعے کے بعد "آپریشن شعبان” کی کامیابی پر پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کو خراجِ تحسین

گورنر خیبرپختونخوا کا مانگی ڈیم واقعے کے بعد "آپریشن شعبان” کی کامیابی پر پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کو خراجِ تحسین

پشاور۔ 10 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مانگی ڈیم واقعے کے بعد "آپریشن شعبان” کی کامیابی پر پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کو خراجِ تحسین کیا ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ "آپریشن شعبان” میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔

گورنر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک کو ہر خطرے سے محفوظ رکھنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، پاکستان کے خلاف پراکسی عناصر استعمال کرنے والے اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، بھارت اور دیگر دشمن عناصر پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں سے خائف ہیں، دشمن کی ہر سازش کا قومی اتحاد اور مضبوط عزم سے مقابلہ کیا جائے گا۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وطن کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ریاست دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کا سرمایہ ہیں، ان کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ امن، استحکام اور قومی سلامتی کے لیے سکیورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔