او آئی سی رکن ممالک کے وفود نویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچنا شروع ہوگئے، جہاں 12 اور 13 جولائی کو خواتین کے حقوق اور بااختیار بنانے سے متعلق اہم امور پر غور کیا جائے گا۔
او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں شرکت کے لیے رکن ممالک کے وفود اسلام آباد پہنچنا شروع

مزید خبریں
اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وفود نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، پاکستان کی میزبانی میں وزارتِ انسانی حقوق کے زیرِ اہتمام یہ اہم کانفرنس 12 تا 13 جولائی 2026کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
وزارتِ انسانی حقوق کی جاری پریس ریلیز کے مطابق ’’او آئی سی ممالک میں خواتین کا سماجی، معاشی اور سیاسی استحکام: چیلنجز اور آئندہ کا لائحۂ عمل‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے خواتین و خاندانی امور کے وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام، او آئی سی کے ذیلی اداروں، بین الاقوامی تنظیموں اور ترقیاتی شراکت داروں کے نمائندگان شرکت کریں گے ، جہاں خواتین کے سماجی، معاشی اور سیاسی استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر معزز وفود کا استقبال وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف فرح ناز اکبر، وزارتِ انسانی حقوق، وزارتِ خارجہ اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے سینئر حکام نے کیا۔پاکستان کو اس اہم وزارتی کانفرنس کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے، جو اسلامی تعاون تنظیم کے مقاصد سے اس کے مضبوط عزم اور رکن ممالک کے درمیان خواتین کے حقوق، وقار اور بااختیار بنانے کے فروغ کے لیے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کا مظہر ہے۔ اس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کے چیئرمین کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور پاکستان اس فورم کی صدارت کرتے ہوئے رکن ممالک کے درمیان تعاون، اتفاقِ رائے اور مشترکہ اقدامات کے فروغ کے لیے قائدانہ کردار ادا کرے گا۔کانفرنس کے دوران اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں خواتین کے سماجی، معاشی اور سیاسی استحکام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، بہترین تجربات اور کامیاب قومی اقدامات کا تبادلہ کیا جائے گا اور او آئی سی رکن ممالک کے درمیان عملی تعاون کو فروغ دینے کے لیے آئندہ کا مشترکہ لائحۂ عمل وضع کیا جائے گا۔حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام تمام معزز وفود کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کے لیے اسلام آباد میں خوشگوار قیام اور کانفرنس کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔








