دریاخان،دس ایمرجنسی بٹن نصب کردیے گئے ہیں،ڈی پی او بھکر

ڈی پی او بھکر نے کہا ہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے تعاون سے بھکر کے 10 اہم عوامی مقامات پر ایمرجنسی پینک بٹن پولز فعال کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو ہنگامی حالات میں فوری پولیس امداد فراہم کی جا سکے۔

 دریاخان۔ 11 جولائی (اے پی پی):ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور فوری پولیس رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور بھکر پولیس کے باہمی تعاون سے بھکر میں 10 اہم عوامی مقامات پر ایمرجنسی پینک بٹن پولز (Emergency Pillars) فعال کر دیے گئے ہیں۔

ڈی پی او شہزاد رفیق اعوان کے مطابق اس جدید سہولت کے ذریعے شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال، چوری، ہراسانی یا دیگر ناگہانی واقعے کی صورت میں موبائل فون سے کال کیے بغیر صرف پینک بٹن دبا کر متعلقہ کنٹرول روم کو فوری اطلاع فراہم کر سکیں گے، جس کے بعد پولیس کی جانب سے بروقت رسپانس یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ جدید نظام بالخصوص خواتین، بزرگ شہریوں اور دیگر شہریوں کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور ایمرجنسی حالات میں فوری امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ڈی پی او نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی تحفظ، اسمارٹ پولیسنگ اور شہریوں کو بہتر سیکیورٹی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بھکر میں ایمرجنسی پینک بٹن پولز کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس سے شہریوں کا احساسِ تحفظ مزید مضبوط ہوگا اور ہنگامی حالات میں پولیس کی فوری رسائی ممکن بنائی جا سکے گی۔

مزید خبریں