دیامر کے حلقوں جی بی اے۔ 15 اور 17 میں ری پولنگ شروع ہو گئی

سپریم اپیلیٹ کورٹ کے حکم پر ضلع دیامر کے حلقہ جی بی اے ۔ 15 اور جی بی اے۔ 17 کے مخصوص پولنگ سٹیشنوں پر اتوار کی صبح 8 بجے دوبارہ پولنگ کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہوگیا۔

گلگت۔ 12 جولائی (اے پی پی):سپریم اپیلیٹ کورٹ کے حکم پر ضلع دیامر کے حلقہ جی بی اے ۔ 15 اور جی بی اے۔ 17 کے مخصوص پولنگ سٹیشنوں پر اتوار کی صبح 8 بجے دوبارہ پولنگ کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہوگیا۔ پولنگ مقررہ ضابطہ کار کے مطابق الیکشن کمیشن کی نگرانی میں پرامن ماحول میں جاری ہے۔حلقہ جی بی اے ۔ 15 کے خواتین پولنگ اسٹیشن لوشی تھک سمیت متعلقہ پولنگ سٹیشنوں پر خواتین اور مرد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جبکہ جی بی اے۔ 17 کے8مخصوص پولنگ سٹیشنوں پر بھی ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

پولنگ سٹیشنوں پر ووٹرز کی آمد کا سلسلہ برقرار ہے۔انتہائی حساس اور حساس قرار دیے گئے پولنگ سٹیشنوں پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پاک آرمی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ ووٹرز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بروقت اپنے متعلقہ پولنگ سٹیشن پہنچ کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔ پولنگ کے اختتام پر ووٹوں کی گنتی کی جائے گی جس کے بعد نتائج مرتب کرکے جاری کیے جائیں گے۔