اپنی سر زمین سے کسی کے خلاف حملوں کی اجازت نہیں دیں گے،عراق

عراق نے کہا ہے کہ وہ اپنی سر زمین یا فضائی حدود کو مملکت، خلیج تعاون کوسنل یا خطے کے دیگر ممالک کے خلاف کسی کارروائی یا حملے کے لیے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

ریاض۔13جولائی (اے پی پی):عراق نے کہا ہے کہ وہ اپنی سر زمین یا فضائی حدود کو مملکت، خلیج تعاون کوسنل یا خطے کے دیگر ممالک کے خلاف کسی کارروائی یا حملے کے لیے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔اردو نیوزکے مطابق یہ بات عراق کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے گزشتہ روز ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں سعودی عرب اور عراق کے تعلقات اور انہیں مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی حالیہ صورتحال اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بعد ازاں سعودی اور عراقی حکام نے ایک اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں قومی خود مختاری کے احترام، اچھی ہمسائیگی، ریاستوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت، کسی بھی ملک کی سر زمین کو دوسروں کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت سے انکار کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ عراق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین یا فضائی حدود کو سعودی عرب، جی سی سی ممالک یا خطے کے دیگر ممالک کو نشانہ بنانے یا حملوں کے لیے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔ اجلاس میں عراق کی سلامتی اور استحکام کی حمایت، اس کے قومی اداروں کو مضبوط بنانے، دوطرفہ تعاون اور ہم آہنگی کو جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔