ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ کل کو کھیلا جائے گا

ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ کل (منگل) کو پروویڈنس سٹیڈیم ،گیانامیں کھیلا جائے گا

گیانا۔13جولائی (اے پی پی):ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ کل (منگل) کو پروویڈنس سٹیڈیم ،گیانامیں کھیلا جائے گا۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم ان دونوں دورہ ویسٹ انڈیز پر ہے جہاں وہ پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ میزبان ویسٹ انڈیز کو مہمان نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے ون ڈے میچ میں کیوی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ مایہ ناز بائولنگ آل رائونڈر مچل سینٹنر کی قیادت میں کیوی ٹیم میدان میں اترے گی اور اسے مائیکل بریسویل، مارک چیپمین، کرسچن کلارک، جیکب ڈفی،میتھیو فشر،ڈین فوکس کرافٹ،مچل ہے،نک کیلی، ٹام لیتھم، جیڈن لینکس، بین لسٹر،ڈیرل مچل، ہنری نکولز، ناتھن سمتھ اور ول ینگ کی خدمات حاصل ہوں گی۔ میزبان ٹیم شائی ہوپ کی قیادت میں میدان میں اترے گی اور اسے اکیم آگسٹ،جان کیمبل ،کیسی کارٹی ،روسٹن چیس ،میتھیو فورڈ ،شمرون ہیٹمائر ،عامر جنگو،الزاری جوزف ،شمر جوزف ،وٹیل لاویز ،گڈاکیش موتی ،کیمو پال ،کھری پیئر ،شیرفین ردرفورڈ اورجیڈن سیلزکی خدمات حاصل ہوں گی۔ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ 14 جولائی، تیسرا میچ 17 جولائی، چوتھا 20 جولائی جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 22جولائی کو کھیلا جائے گا۔