کشمیر کی آزادی تک ہر عالمی فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے،وفاقی وزیر داخلہ کا یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر پیغام

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 13 جولائی کو حق، قربانی اور استقامت کا عظیم دن قرار دیتے ہوئے یومِ شہدائے کشمیر پر 1931 کے 22 شہدا کو سلامِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ راج کے ظلم کے خلاف اذان کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کا عزم آج بھی کشمیریوں کے حوصلے کی علامت ہے

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 13 جولائی کو حق، قربانی اور استقامت کا عظیم دن قرار دیتے ہوئے یومِ شہدائے کشمیر پر 1931 کے 22 شہدا کو سلامِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ راج کے ظلم کے خلاف اذان کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کا عزم آج بھی کشمیریوں کے حوصلے کی علامت ہے۔وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ 13 جولائی 1931 کے شہدا نے اپنے لہو سے حق و صداقت کی جدوجہد کو نئی سمت دی ہے، جو آج بھی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو نئی طاقت اور حوصلہ عطا کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط وادی کی مخدوش صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں طویل پابندیوں اور گرفتاریوں کے ذریعے بنیادی آزادیاں سلب ہیں۔محسن نقوی نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے اس عز م کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور منصفانہ حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیری بھائیوں کو کسی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور آزادی تک پاکستان ہر عالمی فورم پر ان کی مؤثر آواز بنتا رہے گا۔