نوشہرو فیروز، ایک ہی رات کے دوران چوری کی دو بڑی وارداتیں

ضلع نوشہروفیروز کی تحصیل بھریا روڈ کے مختلف دیہات میں ایک ہی رات کے دوران چوری کی دو بڑی وارداتوں نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔

نوشہرو فیروز۔ 13 جولائی (اے پی پی):ضلع نوشہروفیروز کی تحصیل بھریا روڈ کے مختلف دیہات میں ایک ہی رات کے دوران چوری کی دو بڑی وارداتوں نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ نامعلوم چور لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ گاؤں گلاب خان راجپر میں نامعلوم چور سول جج فہیم راجپر کے گھر میں داخل ہوئے اور لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے باآسانی فرار ہوگئے۔دوسری واردات گاؤں رانو خان راجپر میں پیش آئی، جہاں نامعلوم چوروں نے دو مختلف گھروں کو نشانہ بنایا اور وہاں سے بھی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان چرا کر فرار ہوگئے۔

متاثرہ خاندانوں نے واقعے کے بعد شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھریا روڈ پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ علاقے میں بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں اور پولیس جرائم پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔متاثرین نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے، نامعلوم ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے مسروقہ سامان برآمد کیا جائے تاکہ شہریوں میں پائے جانے والے خوف و ہراس کا خاتمہ ہوسکے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔