مون سون سیزن میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے مکمل طور پر الرٹ رہیں،کمشنر ملتان ڈویژن

کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے ریسکیو 1122 کی فلڈ موبائل ورک شاپ کا دورہ کیا اور مون سون سیزن کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

ملتان۔ 13 جولائی (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے ریسکیو 1122 کی فلڈ موبائل ورک شاپ کا دورہ کیا اور مون سون سیزن کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے فلڈ موبائل ورک شاپ کو متاثرہ علاقوں میں فوری منتقل کرنے کی تیاریوں، ریسکیو مشینری، بوٹس، ڈی واٹرنگ پمپس، جنریٹرز اور دیگر ایمرجنسی آلات کا معائنہ کیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ملتان ڈاکٹر حسین میاں نے کمشنر کو فلڈ ایمرجنسی پلان، دستیاب وسائل، مشینری کی فعالیت اور ہنگامی حالات میں فوری رسپانس کے نظام پر بریفنگ دی۔ کمشنر نے واکی ٹاکیز سمیت ایمرجنسی کمیونیکیشن سسٹم کا بھی جائزہ لیا اور تمام آلات کو ہمہ وقت فعال رکھنے کی ہدایت کی۔

کمشنر نے کہا کہ مون سون سیزن میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فلڈ ریسکیو مشینری اور عملہ ہر وقت تیار رہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں بروقت امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ ذمہ داریاں ادا کریں۔ کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسی بھی ممکنہ فلڈ ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسپانس کے ذریعے عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل جاوید خان اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مزید خبریں