ڈویژنل صدر مسلم لیگ (ن)فیصل آباد و سابق ایم این اے حاجی اکرم انصاری نے کہا ہے کہ کشمیری شہدا نے حق، انصاف اور انسانی وقار کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ میں ناقابلِ فراموش باب رقم کیا،
کشمیری شہدا نے حق، انصاف اور انسانی وقار کےلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ میں ناقابلِ فراموش باب رقم کیا، حاجی اکرم انصاری

مزید خبریں
فیصل آباد ۔ 13 جولائی (اے پی پی):ڈویژنل صدر مسلم لیگ (ن)فیصل آباد و سابق ایم این اے حاجی اکرم انصاری نے کہا ہے کہ کشمیری شہدا نے حق، انصاف اور انسانی وقار کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ میں ناقابلِ فراموش باب رقم کیا،
ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو سلام پیش اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان ان کی منصفانہ جدوجہد کے لیے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 13 جولائی ہمیں اُن 22 عظیم شہدا کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے 1931 میں حق، آزادی اور وقار کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ بھار ت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری ظلم، جبر، انسانی حقوق کی پامالیاں اور کشمیری شناخت کو مٹانے کی ہر کوشش عالمی ضمیر کے لیے چیلنج ہے اس کے باوجودکشمیری عوام کا عزم آج بھی ناقابلِ شکست ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے 7 دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط جدوجہد کے دوران اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں جنہیں تاریخ میں ہمیشہ احترام اور عقیدت کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے مشکلات کے باوجود جس عزم، حوصلے اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا وہ جرات اور استقامت کی مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت کی اور ان کے حقِ خودارادیت کے لیے قومی و بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کی۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کے قیام کےلئے ناگزیر ہے۔ اس موقع پر انہوں نے عالمی برادری پر مسئلہ جموں و کشمیر کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے،کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کا پر زور مطالبہ کیا۔








