ترجمان محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر فرحین نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جاری شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیشِ نظر مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کی صحت اور پیداواری صلاحیت کے تحفظ کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
محکمہ لائیو سٹاک کی ہیٹ ویو کے پیشِ نظر جانوروں کی صحت اور پیداواری صلاحیت کے تحفظ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 13 جولائی (اے پی پی):ترجمان محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر فرحین نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جاری شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیشِ نظر مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کی صحت اور پیداواری صلاحیت کے تحفظ کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ہیٹ ویو کے باعث جانوروں میں دودھ کی پیداوار میں کمی، خوراک میں عدم رغبت، مختلف بیماریوں کا خطرہ اور بعض صورتوں میں ہلاکت تک واقع ہو سکتی ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ جانوروں کو دن کے گرم ترین اوقات میں سایہ دار، ٹھنڈی اور ہوا دار جگہ پر رکھا جائے اور اگر قدرتی سایہ دستیاب نہ ہو تو شیڈ یا عارضی سایہ گاہ کا انتظام کیا جائے۔ جانوروں کو ہر وقت صاف، ٹھنڈا اور تازہ پانی مہیا کیا جائے اور پانی کے برتن روزانہ صاف کیے جائیں تاکہ آلودگی سے بچاؤ ممکن ہو۔ مزید برآں چارہ اور خوراک صبح سویرے یا شام کے نسبتاً ٹھنڈے اوقات میں دی جائے، جبکہ دوپہر کے شدید گرم وقت میں زیادہ خوراک دینے سے گریز کیا جائے۔ڈاکٹر فرحین نے کہا کہ باڑوں میں مناسب ہوا کی آمدورفت یقینی بنانے کے لیے پنکھوں، ایگزاسٹ فین اور پانی کے اسپرے کا استعمال مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مویشی پال حضرات کو مشورہ دیا کہ صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک جانوروں کی غیر ضروری نقل و حمل سے اجتناب کریں، کیونکہ اس دوران شدید گرمی جانوروں کے لیے خاص طور پر نقصان دہ ہوتی ہے۔
ترجمان کے مطابق دودھ دینے والے، حاملہ، کمزور اور بیمار جانور ہیٹ اسٹریس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، اس لیے ان کی خصوصی نگرانی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تیز سانس لینا، زیادہ رال ٹپکنا، منہ کھول کر سانس لینا، خوراک میں کمی، دودھ کی پیداوار میں کمی، سستی یا گر جانا ہیٹ اسٹریس کی نمایاں علامات ہیں۔ ایسی صورت میں جانور کو فوری طور پر ٹھنڈی اور سایہ دار جگہ منتقل کر کے ٹھنڈا پانی پلایا جائے، جسم پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر قریبی ویٹرنری ڈاکٹر سے رابطہ کیا جائے۔انہوں نے مویشی پال حضرات سے اپیل کی کہ ہیٹ ویو کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے ذریعے اپنے قیمتی جانوروں کو محفوظ بنائیں کیونکہ بروقت اقدامات نہ صرف جانوروں کی صحت کے تحفظ بلکہ دودھ اور گوشت کی پیداوار کو برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔








