سیکرٹریٹ برائے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت (فوسپاہ) نے 12 اور 13 جولائی 2026ء کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں بھرپور شرکت کی
وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت (فوسپاہ) کی نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں فعال شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):سیکرٹریٹ برائے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت (فوسپاہ) نے 12 اور 13 جولائی 2026ء کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں بھرپور شرکت کی۔کانفرنس کے موقع پر وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوزیہ وقار نے او آئی سی وومن ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ڈبلیو ڈی او) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر، قونصلر سارہ اسماعیل الشورا سے ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فوزیہ وقار نے پارلیمانی رہنمائوں اور حقوق نسواں کی نمایاں شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں شائستہ پرویز ملک، صائرہ ترار،نزہت صادق،صبا صادق، ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور مہناز عزیز شامل تھیں۔ ان ملاقاتوں نے ادارہ جاتی تعاون، پالیسی مکالمے اور خواتین کے حقوق و تحفظ کار کے حوالے سے علاقائی رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کے لیے فوسپاہ کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کی۔کانفرنس کے دوران فوسپاہ ٹیم نے مارکیٹ پلیس میں ایک مخصوص انفارمیشن ڈیسک بھی قائم رکھا جہاں مقامی و بین الاقوامی وفود، معززین اور شرکا سے ملاقاتیں کی گئیں۔ ٹیم نے فوسپاہ کے مینڈیٹ سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں اور رکن ممالک میں صنفی انصاف اور تحفظ کار کے فروغ کے لیے پیشہ ورانہ مکالمے کو آگے بڑھایا۔مزید برآں، فوسپاہ کے حکام نے او آئی سی سیکرٹریٹ کی خواتین ٹیم، مختلف او آئی سی اداروں کے نمائندوں اور رکن ممالک کے وفود سے وسیع پیمانے پر بات چیت کی۔ ان کاوشوں نے اہم ادارہ جاتی روابط کو مستحکم کیا اور عالم اسلام میں خواتین کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی حقوق کے فروغ سے متعلق اجتماعی مکالمے کو آگے بڑھایا.








