ہائیکو، چین میں جاری اے وی سی بوائز انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان کی جیت میں ہیٹرک

ہائیکو، چین میں جاری اے وی سی بوائز انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان نے اپنی شاندار اور ناقابل شکست مہم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے پول "سی” کے اپنے تیسرے میچ میں تھائی لینڈ کو مسلسل تین سیٹس میں شکست دے کر کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی

لاہور۔14جولائی (اے پی پی):ہائیکو، چین میں جاری اے وی سی بوائز انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان نے اپنی شاندار اور ناقابل شکست مہم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے پول "سی” کے اپنے تیسرے میچ میں تھائی لینڈ کو مسلسل تین سیٹس میں شکست دے کر کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔ 12 سے 18 جولائی تک جاری چیمپئن شپ میں گرین شرٹس نے اب تک غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تینوں گروپ میچز بغیر کوئی سیٹ ہارے جیت لیے ہیں۔ترجمان والی بال فیڈریشن کے مطابق ہائیکو وو یوان ریور جمنازیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے تھائی لینڈ کو 0-3 سے شکست دی۔ پہلے سیٹ میں قومی ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ جاندار سروسز، مضبوط بلاکنگ اور نیٹ پر شاندار کمبی نیشن کی بدولت پاکستان نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور پہلا سیٹ 19-25 سے اپنے نام کیا۔دوسرے سیٹ میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین تنظیم، دفاعی نظم و ضبط اور موثر اٹیک کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو زیادہ مواقع نہ دیے اور یہ سیٹ بھی 19-25 سے جیت لیا۔تیسرے سیٹ میں تھائی لینڈ نے سخت مقابلہ کیا اور دونوں ٹیموں کے درمیان پوائنٹس کی دلچسپ جنگ دیکھنے میں آئی، تاہم فیصلہ کن لمحات میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے عمدہ کھیل پیش کیا اور سیٹ 23-25 سے جیت کر میچ 0-3 سے اپنے نام کر لیا۔پاکستان اس سے قبل گروپ مرحلے میں کرغزستان اور قازقستان کو بھی یکطرفہ مقابلوں میں شکست دے چکا تھا۔پاکستان کی ٹیم پہلے ہی کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن چکی تھی جبکہ تھائی لینڈ کے خلاف فتح نے چیمپئن شپ میں اس کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی ہے۔