ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد کا سرسبز پنجاب ویژن کے تحت بیوٹیفکیشن منصوبوں پر عملدرآمد جاری

منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد دولار خان کی سربراہی میں شہر کی خوبصورتی، سرسبزی اور ماحول کو مزید دلکش بنانے کے لیے بیوٹیفکیشن منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔

فیصل آباد۔ 14 جولائی (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد دولار خان کی سربراہی میں شہر کی خوبصورتی، سرسبزی اور ماحول کو مزید دلکش بنانے کے لیے بیوٹیفکیشن منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ ترجمان ہارٹیکلچر اتھارٹی محمد کبریا کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سرسبز پنجاب ویژن کے تحت شہر کے مختلف چوکوں، گرین بیلٹس اور اہم شاہراہوں کی تزئین و آرائش کا کام جدید انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ہارٹیکلچر اتھارٹی نے مختلف مقامات پر خوبصورت لینڈ اسکیپنگ، آرائشی پودوں، کھجور اور دیگر سجاوٹی درختوں کی شجرکاری، سرسبز لانز کی تیاری اور جدید طرز کے آرکیٹیکچرل ڈھانچے نصب کیے ہیں جن سے شہر کا حسن نمایاں طور پر نکھر آیا ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد شہریوں کو صاف، سرسبز اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے اہم چوراہوں اور عوامی مقامات کو دیدہ زیب شکل دی جا رہی ہے تاکہ فیصل آباد کی شناخت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ بیوٹیفکیشن منصوبوں میں ماحول دوست اقدامات، خوبصورت باغبانی اور جدید شہری ڈیزائن کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اتھارٹی کی ٹیمیں شہر بھر میں پودوں کی دیکھ بھال، گرین ایریاز کی مستقل بحالی اور صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے نہ صرف شہریوں کو بہتر تفریحی ماحول میسر آئے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور سرسبز ماحول کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ہارٹیکلچر اتھارٹی آئندہ بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہر کو مزید خوبصورت، سرسبز اور جدید بنانے کے لیے ایسے ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ فیصل آباد کو ایک مثالی اور پرکشش شہر کے طور پر اجاگر کیا جا سکے۔