وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی زیر صدارت منگل کو 51ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کانفرنس کے انتظامات اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی زیر صدارت 51ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کی تیاریوں کے حوالہ سے جائزہ اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی زیر صدارت منگل کو 51ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کانفرنس کے انتظامات اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ ماہ ِ ربیع الاول کے دوران 51ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد شایانِ شان انداز میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور کو اس سال اس اہم اور بابرکت کانفرنس کے انعقاد کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے جو نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور سیرتِ طیبہ ﷺ سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں ملک بھر کے ممتاز علماء کرام، مذہبی شخصیات، سکالرز اور مختلف ممالک سے آنے والے مندوبین شرکت کریں گے جس سے بین الاقوامی سطح پر سیرت النبی ﷺ کے پیغام کو فروغ ملے گا۔ اجلاس میں وزارتِ مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکرٹری مرزا علی محسود سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے اور کانفرنس کے انتظامی امور پر بریفنگ دی۔دریں اثناء وفاقی وزیر نے حج 2027 کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے لاہور حاجی کیمپ کی تعمیراتی سرگرمیوں کو جلد از جلد مکمل کرنے پر بھی زور دیا۔سردار محمد یوسف نے اسلام آباد حاجی کیمپ میں قائم قرآن ری سائیکلنگ پلانٹ کو مکمل طور پر فعال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو جلد عملی طور پر مؤثر بنایا جائے تاکہ قرآنی اوراق کے احترام کے ساتھ مناسب انداز میں تلفی کو یقینی بنایا جا سکے۔








