ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وہاڑی صبا سحر نے کہا ہے کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس زمین کی ملکیت کے تحفظ اور قانونی شناخت کی مضبوط ضمانت ہیں، جبکہ زیر التواء انتقالات جلد نمٹا کر سرٹیفکیٹس کے اجرا کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا ء میں تیزی لائی جائے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وہاڑی

مزید خبریں
وہاڑی۔14جولائی (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وہاڑی صبا سحر نے کہا ہے کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس زمین کی ملکیت کے تحفظ اور قانونی شناخت کی مضبوط ضمانت ہیں، ریونیو افسران زیر التواء انتقالات کو کلیئر کرکے سرٹیفکیٹس کے اجرا کے عمل کو مزید تیز کریں اور روزانہ مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وانڈاجات اور گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں انہوں نے فرداً فرداً ریونیو افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور انہیں ہدایات جاری کیں۔ بعد ازاں اے ڈی سی ریونیو صبا سحر نے اراضی ریکارڈ سینٹر وہاڑی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پلس پراجیکٹ کے تحت پارٹیشنز اور گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور درخواست گزاروں سے ریونیو سروسز کی فراہمی بارے دریافت کیا، شہریوں نے فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا احسن اقدام قرار دیا۔ اس موقع پر صبا سحر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ اور منیجر جی آئی ایس کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہریوں کو بہترین سروس ڈیلیوری یقینی بنائی جائے۔ اجلاس اور دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم، تحصیلداران، ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر پلس پراجیکٹ شہباز شریف اور دیگر ریونیو افسران موجود تھے۔\








