کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز بشمول ایمرجنسی، کیتھ لیب،سی سی یو، او پی ڈی میں دی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
کمشنر راولپنڈی کا ہولی فیملی ہسپتال کادورہ، طبی سہولیات کا جائزہ لیا

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 14 جولائی (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز بشمول ایمرجنسی، کیتھ لیب،سی سی یو، او پی ڈی میں دی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ایس ہولی فیملی ڈاکٹر اعجاز، اسسٹنٹ کمشنر سٹی ایمان ظفر، ڈائریکٹر ہیلتھ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔کمشنر راولپنڈی نے وزیر اعلی پنجاب فری میڈیسن ڈیلیوری اور ڈائیلاسز پروگرام کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری چیک کی اور مریضوں سے براہ راست ملاقات کر کے انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، ادویات کے سٹاک، طبی آلات کی فعالیت، مریضوں کی سہولت، واش رومز، انتظار گاہوں اور مجموعی انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
کمشنر راولپنڈی نے واسا کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں جاری سیورج پراجیکٹ کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہولی فیملی ہسپتال میں کے پی،کشمیر و دیگر علاقوں سے آنے والے مریضوں کی وجہ سے پیشنٹ لوڈ بہت زیادہ ہے اس لئے اس ہسپتال کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں درپیش مسائل کی فوری نشاندہی کر کے فائل بھجوائی جائے تاکہ ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ کمشنر سلمان غنی نے کہا کہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کے لئے باقاعدہ عملہ مختص ہو جو انہیں متعلقہ طبی سہولت تک پہنچانے کے لئے فوری اور بہتر گائیڈ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والا ہر مریض عزت، احترام اور بہترین طبی سہولت کا حق دار ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز کی موجودگی، صفائی کے اعلیٰ معیار اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی پر خصوصی توجہ دی جائے،کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔








